کراچی: پہلی نیشنل بیچ والی بال چیمپئن شپ کراچی 2026 میں پاکستان آرمی والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ٹیم کی اس شاندار کامیابی میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت کھلاڑی قرآت العین نظر نے اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
قرآت العین نظر نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی، محنت، جذبے اور بہترین کھیل کے اعتراف میں انہیں ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی (Best Player) کا ایوارڈ بھی دیا گیا، جبکہ گولڈ میڈل بھی قرآت العین نظر کے نام رہا۔
قرآت العین نظر کی غیر معمولی کارکردگی نے آرمی ٹیم کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے شاندار کھیل اور ٹیم کے لیے بھرپور کاوشوں کو کھیلوں کے حلقوں میں بھی سراہا جا رہا ہے۔



واضح رہے کہ قرآت العین نظر، مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے رہنما محمد نظر خان کی صاحبزادی ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر گلگت بلتستان کے سیاسی و سماجی حلقوں نے قرآت العین نظر، ان کے والدین اور پوری آرمی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے قرآت العین نظر کی محنت، صلاحیت اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی بہترین کھیل کی بدولت نہ صرف آرمی ٹیم کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ گلگت بلتستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔ ان کی کامیابی خطے کے نوجوانوں، خصوصاً کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے والی نوجوان نسل کے لیے ایک قابلِ فخر اور حوصلہ افزا مثال ہے۔
قرآت العین نظر کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز اور گولڈ میڈل حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔




